بھٹکل ،6؍نومبر(ایس او نیوز) دن کے وقت اپنے گھر کے باہر کپڑے دھورہی ایک گھریلو خاتون کے گلے سے اس کا منگل سوتر چھین کر فرار ہونے والے ملزمین کو عوام نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ یہ واقعہ بھٹکل تعلقہ کے کنڈے کوڈ نامی مقام پر پیش آیا ہے۔
عوام کے تعاون سے گرفتارہونے والے ملزمین کی شناخت وینکٹاپور کے آنند گنپتی دیواڈیگااورپرشوتم منجپا دیواڈیگا کے طور پر کی گئی ہے۔کہا جاتا ہے کہ روجا ایشور نائک نامی خاتون جب کپڑے دھونے میں مصروف تھی تو موٹر بائک پرآنے والے ان دوملزمین نے روجا کے گلے سے2.5لاکھ روپے مالیت کاساڑھے پانچ تولے سونے کا منگل سوتر اڑالے جانے کی کوشش کی۔جب اس خاتون نے گھبرا کر زور زور سے چلانا شروع کیاتو ملزمین نے موٹر بائک اسی جگہ چھوڑ کر جنگل کے راستے فرار ہونے کی کوشش کی۔ مگر چیخ و پکار سن کر وہاں پہنچنے والے مقامی لوگوں نے ان دونوں ملزمین کا پیچھا کیا اور آگے بڑھ کر انہیں دبوچ لیا۔
کہتے ہیں کہ اس سے پہلے بھی آنند دیواڈیگا اسی قسم کی حرکت ہیبلے کے شیربڈی میں کر چکا ہے، لیکن اس وقت آپسی سمجھوتے سے معاملہ رفع ددفع کردیا گیا تھا۔ دوسرے ملزم پرشوتم دیواڈیگا کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پچھلے کچھ دنوں پہلے ہوئے مار پیٹ کے معاملے کا ایک الزام ہے۔دونوں ملزمین کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر کے پی ایس آئی منجپا کی قیادت میں تحقیقات کی جارہی ہے۔